Friday, April 19, 2024

روس کی طرف سے سنیک جزیرے پر فاسفورس بمبوں سے حملہ

روس کی طرف سے سنیک جزیرے پر فاسفورس بمبوں سے حملہ
July 2, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس کی طرف سے سنیک جزیرے پر فاسفورس بمبوں سے حملہ کیا گیا۔

روس نے یوکرین کے اہم جزیرے اسنیک آئی لینڈ کا قبضہ چھوڑ دیا۔ دفاعی لحاظ سے غیرمحفوظ جزیرے سے اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔

روس کا کہنا ہے کہ اس نے فیصلہ خیرسگالی کے طور پر کیا۔ ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ روس گندم کی برآمد میں رکاوٹ نہیں۔

دوسری طرف یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی فوج نے جزیرے کا قبضہ چھوڑنے کے بعد اس پر فاسفورس بموں سے حملہ کیا۔ یوکرین نے روسی بمباری کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

روس کے صدرولادیمیر پیوٹن مغرب کے ساتھ معاشی جنگ میں بھی تیزی لے آئے۔ روسی کمپنی نے صدارتی حکم کے تحت یوکرین کے مشرق میں تیل اور گیس کے  اہم منصوبے  سخالین پر قبضہ کر لیا۔ منصوبے میں جاپانی کمپنیوں کا 50 فیصد سے زائد حصہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سخالین انرجی انویسمنٹ کمپنی  پر قبضہ سے دنیا میں ایل این جی کی سپلائی متاثر ہو گی۔

ادھر امریکا نے یوکرین کو مزید اسلحہ دینے کا اعلان کر دیا۔ پینٹاگون کے مطابق اسلحے کی نئی کھیپ میں زمین سے فضا میں مارکرنے والے 2 میزائل سسٹم اور  4 اضافی ریڈار سسٹم بھی شامل ہیں۔

یوکرین نے اس کا اناج لے جانے والے روسی بحری جہاز کو قبضہ میں لینے کیلئے ترکیہ کو درخواست دیدی۔ یوکرینی حکام کے مطابق کارگو جہاز ساڑھے چار ہزار ٹن اناج لے کر بردیانسک کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔

یوکرین نے لوہانسک اور ڈونیسک کو آزاد ریاست تسلیم کرنے پر شام سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب شامی وزارت خارجہ کا کہنا ہے لوہانسک اور ڈونیسک کیساتھ تعلقات مستحکم کریں گے ۔