Friday, May 17, 2024

روس کی پشاور میں خودکش حملے کی مذمت

روس کی پشاور میں خودکش حملے کی مذمت
March 6, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے پشاور میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ سرگئی لاروف نے یوکرین سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کا بھی یقین دلایا۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورہ ء روس کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ ایجنڈے اور افغانستان سمیت خطے کے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ روسی وزیر خارجہ سرگئ لاوروف نے 4 مارچ 2022 کو پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روس کی طرف سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کا افغانستان میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر پاکستان کی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کثیر جہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون کے مطابق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعہ کے سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے تنازعہ کے پر امن حل کیلئے، یوکرین، پولینڈ، رومانیہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور کے ساتھ ہونیوالے حالیہ ٹیلیفونک رابطوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا توقع ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

روسی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو صورت حال پر روس کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں روسی حکومت سے مدد اور سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔

روسی وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا ابھرتی ہوئی صورتحال پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔

92 نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا طلبہ کے والدین کے لیے بھی خوشخبری ہے کہ دونوں ممالک نے طلبہ کی بحفاظت واپسی کا راستہ فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یوکرین میں رہ جانے والے طلبہ کی انخلا میں مدد کی جائے گی۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ کچھ طلبا جو رہ گئے ہیں ان کی انخلا میں مدد کی جائے۔ انہوں نے طلبا کے نام اور لوکیشن مانگے ہیں تاکہ طلبا کی مدد کی جا سکے ۔