Wednesday, April 24, 2024

روس کا یوکرینی شہر پوپاسنا پر قبضہ، سیویر پر قبضے کیلئے لڑائی جاری

روس کا یوکرینی شہر پوپاسنا پر قبضہ، سیویر پر قبضے کیلئے لڑائی جاری
May 9, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے یوکرین کے مشرقی شہر پوپاسنا پر قبضہ کرلیا جبکہ سیویر پر قبضے کیلئے لڑائی جاری ہے۔ امریکا نے روس کے ڈھائی ہزار فوجی افسروں اور تین ٹی وی چینلز پر نئی پابندیاں لگا دیں۔

روس کا یوکرین میں آپریشن جاری ہے، روسی فوج نے مشرقی شہر پوپاسنا پر بھی قبضہ کرلیا، جبکہ لوہانسک کے مرکزی شہر سیویر پر قبضہ کیلئے بھی لڑائی جاری ہے۔ لوہانسک کے گورنر کے تصدیق کی ہے کہ یوکرینی فوج پسپا ہوگئی ہے۔

ادھر روس آج وکٹری ڈے منا رہا ہے، ماہرین کے مطابق صدر پیوٹن آج یوکرین میں بڑے آپریشن کا بھی اعلان کرسکتے ہیں، جبکہ ڈونباس میں روسی فوج کی مستقل تعیناتی کا اعلان بھی متوقع ہے۔

دوسری طرف امریکا نے روس کے ڈھائی ہزار فوجی افسروں اور تین روسی ٹی وی چینلز پر نئی پابندیاں لگا دی ہیں۔ یہ پابندیاں امریکی صدر نے جی سیون رہنماؤں اور یوکرینی صدر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں لگائیں، جبکہ جی سیون ممالک کا کہنا ہے کہ وہ روسی تیل پر مرحلہ وار پابندیاں لگائیں گے۔

کینیڈا نے کیف میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان کینیڈین وزیراعظم نے کیف میں یوکرینی صدر سے ملاقات میں کیا، جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کا ملک یوکرین کو جدید اسلحہ اور دفاعی آلات بھی فراہم کرے گا۔

امریکی خاتون اول جل بائیڈن بھی غیراعلانیہ طور پر کیف پہنچیں اور یوکرینی خاتون اول سے ملاقات میں کہا کہ امریکایوکرینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔