Monday, May 6, 2024

روس کا روبل میں ادائیگی سے انکار پر پولینڈ اور بلغاریہ کی گیس بند کرنے کا اعلان

روس کا روبل میں ادائیگی سے انکار پر پولینڈ اور بلغاریہ کی گیس بند کرنے کا اعلان
April 27, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے روبل میں ادائیگی سے انکار پر آج سے پولینڈ اور بلغاریہ کی گیس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

روسی  گیس کمپنی گیز  پروم  نے بھی حکومتی اقدام کی تصدیق کر دی۔ بلغاریہ روسی گیس پر 90 فیصد اور پولینڈ 50 فیصد انحصار کرتا ہے۔ سپلائی بند ہونے سے دونوں ملکوں میں توانائی کا شدید بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پابندیوں کے پیش نظر عالمی تجارتی ادارے ٹریفیگورا گروپ نے 15مئی سے روسی تیل کی خریداری بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ برینٹ خام تیل 2 اعشاریہ 95 ڈالر اضافہ سے 105 ڈالر فی بیرل ہو گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام  تیل کی فی بیرل قیمت 3 ڈالر کے  اضافہ  سے   101 ڈالر  پر  پہنچ  گئی۔  

عالمی مارکیٹ میں سونے  کی  فی اونس قیمت  10 ڈالر  کے اضافے  سے 1906 ڈالر ، پلاٹینم  کی  فی اونس قیمت 7 ڈالر  کے  اضافے  سے 912 ڈالر جبکہ پلاڈئیم  کی  فی اونس قیمت 56 ٖڈالر  کے اضافے  سے 2179 ڈالر  ہو گئی ۔

یوکرین جنگ کی وجہ سے گندم کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ گندم 6 یورو کے اضافہ سے فی ٹن 414 یورو کی ہو گئی۔ ملائیشین پام آئل  بھی 25 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد فی ٹن ایک ہزار، 636 ڈالر کا ہو گیا۔

امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی منگل کے روز مندی کا رجحان رہا۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس   800  جبکہ نیسڈیک  ٹیکنالوجی  انڈیکس   514 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔