Tuesday, May 7, 2024

روس کا لیمن پر قبضے کا دعویٰ، ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ

روس کا لیمن پر قبضے کا دعویٰ، ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ
May 28, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روسی فوج نے یوکرین کے مشرقی علاقے لیمن پر قبضے کا دعویٰ کردیا۔ روس نے بھی ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

یوکرین کے مشرقی علاقوں میں روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے، یوکرین کے مشرقی علاقے لیمن پر روسی فوج مئ قبضہ کرلیا۔ روسی وزرات دفاع نے تصدیق کی ہے کہ یوکرین کا قصبہ لیمن روسی فوج اور علیحدگی پسندوں کے مکمل کنٹرول میں آچکا ہے۔

یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے روسی پیش قدمی کے باوجود ڈونباس کا علاقہ یوکرین کا حصہ رہے گا۔

امریکی صدر جوبائیڈن کہتے ہیں روسی صدر یوکرینی ثقافت اور شناخت کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتے ہیں۔

روسی پیش قدمی پر جرمنی اورفرانس ایک بارپھر جنگ بندی کی کوششوں میں لگ گئے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کا کہنا ہے صدر پوٹن یوکرینی ہم منصب سے سنجیدگی کے ساتھ براہ راست مذاکرات کریں۔ صدر پوٹن سے 80 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے فوری جنگ بندی اور یوکرین سے روسی افواج کے انخلا پر پر اصرار کیا۔

خوراک کے عالمی بحران سے نمٹنے کیلئے جی سیون ممالک نے کوششیں تیز کردی ہیں، برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے یوکرین سے گندم کی برآمد شروع کرانے کیلئے برطانیہ جی سیون پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

یوکرین نے ڈنمارک، امریکا، اور دیگر ممالک سے دفاع سازوسامان ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ یوکرینی وزیردفاع کے مطابق ڈنمارک سے اینٹی شپ میزائل ہارپون اور امریکا سے ہاوزر ملے ہیں، جنہیں روس کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔

روس نے بھی ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کرلیا۔۔غیرملکی میڈیا کےمطابق زرکون ہائپرسونک میزائل بحیرہ بیرنٹس میں موجودایڈمرل گورشکوف سٹیشن سے داغا گیا جس نے ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ٹارگٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔