Thursday, May 2, 2024

روس اور یوکرین میں مذاکرات کے دوران مثبت پیش رفت، فریقین کی طرف سے لچک کا مظاہرہ

روس اور یوکرین میں مذاکرات کے دوران مثبت پیش رفت، فریقین کی طرف سے لچک کا مظاہرہ
March 30, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس اور یوکرین میں مذاکرات کے دوران مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ فریقین کی طرف سے لچک کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ ابھی روس کی طرف سے کیف اور چرنی ہیو میں فوجی کارروائیوں میں کمی کے اعلان پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔ امریکی صدر کے مطابق کچھ روسی فوجی کیف چھوڑ رہے ہیں لیکن یہ کافی نہیں جبکہ برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں پیوٹن کے الفاظ پر اعتبار نہیں۔ انہیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہو گا۔ یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ جب تک مکمل جنگ بندی نہیں ہو جاتی روس پر سے پابندیاں نہ ہٹائی جائیں۔

روسی صدر پیوٹن نے فرانسیسی ہم منصب کو فون کیا اور یوکرین میں انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک عسکریت پسند ہتھیار نہیں ڈالیں گے آپریشن بند نہیں کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گیس کی خریداری روبل میں کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف روس نے 2 ارب ڈالر کے یوروبانڈز واپس روبل میں خریدنے کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ بانڈز روس نے 2012 میں قرضوں کی ادائیگی کیلئے جاری کئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یورو بانڈز کی روبل میں میچورٹی سے روس کے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

امریکا اور مغربی اتحادیوں کے درمیان روس پر مزید پابندیاں لگانے کیلئے مشاورت شروع ہو گئی۔ امریکی نائب وزیرخزانہ ویلے ایڈیمو نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی معیشت کے مزید شعبوں پر پابندیاں لگائیں گے تاکہ روس کی جنگی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔