Saturday, May 4, 2024

روس اور یوکرین میں مذاکرات بےنتیجہ ختم

روس اور یوکرین میں مذاکرات بےنتیجہ ختم
April 13, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس اور یوکرین میں مذاکرات بےنتیجہ ختم ہو گئے۔

یوکرین پر روسی حملوں کو شروع ہوئے 50 دن ہو چکے ہیں لیکن جنگ بندی نہ ہو سکی۔ متعدد یوکرینی شہریوں میں شدید لڑائی جاری ہے۔ ماریوپول سمیت متعدد شہر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا روس کا یوکرین پر حملہ نسل کشی ہے جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے روسی اپنا آپریشن متوازن انداز میں جاری رکھے گا اور اپنے اہداف حاصل کرے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے یوکرین پر روسی حملے کونسل کشی قرار دیا گیا ہے۔ بائیڈن متعدد مرتبہ روسی صدر کو جنگی مجرم قرار دے چکے ہیں۔

دوسری جانب روس تسلسل کے ساتھ عام آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کر رہا ہے۔ روس کا موقف ہے کہ یوکرین اور مغربی ممالک کے الزامات کا مقصد روسی افوج کو بدنام کرنا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ماریوپول میں ایک ہزار سے زائد یوکرینی فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ ماریوپول مشرقی یوکرین کا ایک اہم اسٹریٹجک بندرگاہی شہر ہے، جس کا روسی فورسز نے ایک ماہ سے محاصرہ کر رکھا ہے۔ روس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے 162 فوجی افسران میں 47 خواتین بھی شامل ہیں۔