کیف (92 نیوز) - روس اور یوکرین کی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ روسی گاؤں پر یوکرین کی گولہ باری سے ایک طالب علم ہلاک ہو گیا۔
یوکرینی فوج نے بحیرہ اسود میں روسی بحری جہاز کو نقصان پہنچانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ یوکرین کے مطابق جزیرہ اسنیک پر روسی بحریہ کے لاجسٹک جہاز کو نقصان پہنچا کر اسے آگ لگا دی۔
دوسری طرف یوکرینی صدر زیلنسکی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ روسی صدر کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوکرین کبھی بھی کریمیا کو روس کا حصہ تسلیم نہیں کرے گا۔
ادھر فن لینڈ نے اپنی ملکی سکیورٹی پالیسی میں بڑی تبدیلی لاتے ہوئے نیٹو میں باقاعدہ شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئی پالیسی کا اعلان فن لینڈ کے صدر اور وزیراعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی میں تبدیلی کیلئے ملکی قوانین میں جلد تبدیلی لائی جائے گی۔
نیٹو نے فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ نیٹو چیف کے مطابق فن لینڈ کی درخواست کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
امریکا کا بھی کہنا ہے کہ وہ فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کے مطابق ہم دونوں ممالک کے کسی بھی فیصلے کا احترام کریں گے۔
دوسری طرف روس نے فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کو روس کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے کہا اگر کسی نے بھی یوکرین میں فوجی آپریشن کی کوشش کی تو روس فیصلہ کن جواب کیلئے تیار ہے۔