Friday, April 26, 2024

روس اور یوکرین کے استنبول مذاکرات میں بریک تھرو، روس کا فوجی کارروائیوں میں کمی کا اعلان

روس اور یوکرین کے استنبول مذاکرات میں بریک تھرو، روس کا فوجی کارروائیوں میں کمی کا اعلان
March 31, 2022 ویب ڈیسک

استنبول (92 نیوز) - روس اور یوکرین کے استنبول مذاکرات میں بڑا بریک تھرو ہو گیا۔ روس نے فوجی کارروائیوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

روس اور یوکرین کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد روس نے یوکرین کے محصور شہر ماریوپول میں جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ آج سے شہریوں کو انخلا کیلئے محفوظ راستہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی مدد کیلئے تیار ہے۔

روس نے آج کے بعد گیس سمیت اپنی تمام برآمدات روبل میں کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ترجمان کریملن کے مطابق روبل میں قیمتوں کا تعین ہمارے مفاد میں ہے۔ روبل میں ادائیگیوں سے مغرب کو پابندیاں لگانے کے نتائج کا احساس ہو جائے گا۔ دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس خریداروں کو روبل میں ادائیگیوں کیلئے وقت دے گا۔

روس کی طرف سے روبل میں ادائیگیوں کیلئے 31 مارچ کی ڈیڈلائن آج ختم ہو رہی ہے جس کی وجہ سے جرمنی میں گیس کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گیس کا استعمال کم کریں۔ جرمن چانسلر نے روسی صدر کو ٹیلیفون کیا اور انہیں بتایا کہ فوری طور پر روبل میں گیس خریدنا ممکن نہیں۔ جرمنی کوئی بھی فیصلہ یورپی یونین سے مشاورت کے بعد کرے گا۔

ادھر گیس کی قیمتیں روبل میں کرنے کے فیصلے کے بعد روسی کرنسی مستحکم ہونا شروع گئی ہے۔ پابندیوں کے بعد ڈالر کے مقابلہ میں روبل کی قیمت 73 سے بڑھ کر 155 تک پہنچ گئی تھی تاہم روبل میں قیمت وصول کرنے کے اعلان کے بعد اب ایک ڈالر 83 اعشاریہ 5 روبل کا ہوگیا ہے۔