Tuesday, April 23, 2024

روس اور یوکرائن کے درمیان کشیدگی میں کمی، روسی فوج کے کچھ دستوں کی واپسی شروع

روس اور یوکرائن کے درمیان کشیدگی میں کمی، روسی فوج کے کچھ دستوں کی واپسی شروع
February 15, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) روس اور یوکرائن کے درمیان کشیدگی میں کمی واقع ہو گئی۔ یوکرائن کے سرحدی علاقوں سے روسی فوج کے کچھ دستوں نے واپسی شروع کر دی۔

غیرملکی خبرایجنسی کےمطابق  یہ روسی فوجی دستے یوکرائن کی سرحد پر کئی روز سے فوجی مشقوں میں مصروف تھے جنہیں واپس  بیس پر بلا لیا گیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے فوجی دستوں کی واپسی سے ماسکو اور مغرب کے دوران جاری کشیدگی کم ہو جائےگی۔

یوکرائنی وزیرخارجہ کا کہنا ہے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ڈپلومیسی سے روس کے ممکنہ حملے کو روک لیا گیا ہے۔ سفارتی کوششیں کافی روز سے جاری تھیں جو اپنا کام دکھا رہی ہیں تاہم روس کو سرحد پر موجود تمام فوج واپس بلانا ہو گی۔

یوکرائنی وزیراعظم نے قوم کو متحد رکھنے کیلئے 16 فروری کو یوم اتحاد منانے کا اعلان کیا ہے۔ شہری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائیں گے اور قومی ترانے گائیں گے۔

صورتحال میں بہتری آتے ہی برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے روس کےساتھ تعلقات بحال کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے بات چیت کے امکانات ہمیشہ موجود رہتے ہیں اور یوکرائن کے معاملے پر بات چیت کیلئے انتہائی ٹھوس بنیاد موجود ہے۔