Thursday, March 28, 2024

روپے کی قدر میں اضافہ، انٹر بینک میں ڈالر تین روپے گیارہ پیسے سستا

روپے کی قدر میں اضافہ، انٹر بینک میں ڈالر تین روپے گیارہ پیسے سستا
September 27, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - روپے کی قدر میں مسلسل دوسرے دن اضافہ ہوا۔ انٹر بینک میں ڈالر تین روپے گیارہ پیسے سستا ہو کر دو سو تینتیس روپے اکیانوے پیسے پر بند ہوا۔

اسحاق ڈار کی بطور وزیرخزانہ کی تقرری کے مثبت اثرات آنے لگے۔ کرنسی  مارکیٹ میں  امریکی ڈالر کو آخر کار ریورس گئیر لگ گیا۔ کاروباری  ہفتے کے دوسرے روز  اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے 50 پیسے سستا ہو کر 234 روپے کی سطح پر آ گئی جبکہ انٹر بینک میں 3روپے 11 پیسے کم ہو کر 233 روپے 91 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

گذشتہ دو روز کی بات کی جائے تو اس دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سے زائد تک سستا ہوا جبکہ انٹر بینک میں5روپے 74 پیسے کی کمی آئی ہے۔ صورتحال پر ماہرین کا  کہنا ہے ڈالر کی سٹے بازی عروج پر تھی  جس میں کمی آئی ہے۔ اسحاق ڈار کی واپسی  بھی   اہم فیکٹر  ہے۔

ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رحجان  مسلسل دوسرے روز بھی برقرار رہا اور دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 366 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا  جس کے بعد کاروبار کا اختتام  41518 پوائنٹس کی سطح پر ہوا۔

بروکرز کا کہنا ہے ڈالر کی قدر میں کمی  کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ آئندہ چند روز میں مزید بہتری آئے گی۔

آج دن بھر مجموعی طور پر 346 کمپنیوں کے شیئرز   میں کاروبار  ہوا۔ 204 کی قیمتوں میں اضافہ اور 111 کے شیئرز کی قیمتوں میں  کمی آئی  ۔