Saturday, April 27, 2024

رواں ہفتے تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے، اپوزیشن کمیٹی کی رپورٹ میں تجویز

رواں ہفتے تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے، اپوزیشن کمیٹی کی رپورٹ میں تجویز
March 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اپوزیشن کمیٹی نے رپورٹ میں تجویز دی کہ رواں ہفتے تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے۔

اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر پورے ہونے کا دعوی کر دیا۔ وزیراعلی پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے اپوزیشن کو مزید 20 سے 21 ارکان کی ضرورت ہے۔ پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں 371 ہیں جن میں سے 297 ارکان براہ راست انتخاب سے منتخب ہوئے۔ 66مخصوص نشستیں ہیں جبکہ آٹھ اقلیتی ارکان ہیں۔ حکمران اتحاد میں پی ٹی آئی  کی 184 نشستیں ہیں۔ مسلم لیگ ق کی 10 نشستیں ہیں جبکہ راہ حق پارٹی کا ایک رکن حکومتی اتحاد میں شامل ہے۔ اس طرح حکمران اتحاد کی کل تعداد 195 ہے۔

اپوزیشن کے پاس کل 172 نشستیں ہیں۔ ن لیگ کی 165 جبکہ پیپلزپارٹی کے پاس 7 ارکان ہیں۔ پی پی پی کے 2 ارکان نبیل رئیس اور غضنفرلَنگاہ ن لیگ کے 3 منحرف ارکان کے ساتھ وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کر چکے ہیں۔

یہ سوچ لیا جائے تو یہ 5 ارکان اپوزیشن کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے تو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اپوزیشن کو 20 سے 21 ووٹ درکار ہوں گے۔ رہنما پاکستان  پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ نے تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر گیم پورا ہونے کا دعویٰ کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سمیع اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں آزاد ارکان کی تعداد 4 ہے جن میں چودھری نثار، قاسم عباس خان، سیدہ  میمنت محسن اور احمد علی اولکھ شامل ہیں۔ جہانگیرترین گروپ کے پاس اس وقت 19 ارکان ہیں۔ مسلم لیگ ق ،جہانگیرترین گروپ اور آزاد ارکان بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ سادہ اکثریت کے لیے 187 ووٹ درکار ہیں۔