Thursday, April 18, 2024

رمضان شوگر ملز کیس، شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور

رمضان شوگر ملز کیس، شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور
June 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رمضان شوگر ملز کیس میں شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی۔ لاہور کی احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت کے جج محمد ساجد اعوان نےکیس پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔

شہباز شریف خود روسٹرم پر آئے اور بیان دیا کہ مجھے قومی ذمہ داری ملی ہے اگر یہ ذمہ داری نہ ملتی تو کبھی حاضری معافی کی درخواست نہ دیتا، عدالت جب بلائے گی پیش ہوجاؤں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھ پر 21 کروڑ کا نالہ بنانے کا الزام لگایا، اس طرح کے نالے دیگر شہروں میں بھی بنائے تھے اس سکیم کو پنجاب اسمبلی بجٹ سے منظور کرایا گیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا میرے بیٹے نے ایتھونول کی مل لگائی تو اس پر ایکسائز ڈیوٹی لگا دی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے 2019 میں یہ ڈیوٹی ختم کردی۔

عدالت نے وزیراعظم کو ہدایت کہ عدالت میں سیاسی بات نہ کریں، دوران سماعت نیب کے پراسکیوٹر نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں بھی وزیراعظم شہباز شریف نے مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔