Friday, April 26, 2024

رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچائیں گے، خود نگرانی کرونگا، وزیراعلیٰ بزدار

رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچائیں گے، خود نگرانی کرونگا، وزیراعلیٰ بزدار
March 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچائیں گے، خود نگرانی کروں گا۔

پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج کے لئے 8 ارب روپے مختص کر دئیے۔ رواں سال رمضان بازاروں میں عوام کو 2021ء کی قیمتوں کے مطابق اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔

عثمان بزدار کہتے ہیں سستے بازاروں سے شہریوں کو 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے کا ملے گا، زرعی فیئرپرائس شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔ رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھل اور دالوں کی سستے داموں فراہمی پر1 ارب 25کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بزدار نے کہا صوبہ بھر میں 317 رمضان بازار 25 شعبان سے فنکشنل ہو جائیں گے، اوقات کار صبح 9 بجے سے افطار تک ہوں گے۔ رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا گیا ہے،پیکیج کی پائی پائی حقدار کو پہنچائی جائے گی۔