Friday, April 26, 2024

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی
February 10, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی۔ وہ سادات فیملی کی 18 سالہ دانیہ شاہ سے گزشتہ شب رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی اہلیہ کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور تیسری شادی کا اعلان بھی کیا۔ اننچاس سالہ عامر لیاقت نے اٹھارہ سالہ دانیہ شاہ سے شادی کی ہے۔

یہ بھی بتایا کہ دانیہ شاہ سادات فیملی سے ہیں اور پنجاب کے علاقے لودھراں کی رہنے والی ہیں۔ عامرلیاقت نے اپنے تمام خیر خواہوں سے دعائوں کی درخواست بھی کی ہے۔

نائنٹی ٹونیوز نے شادی کی تقریب کی تصاویر بھی حاصل کر لیں۔ تقریب میں تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی بھی شریک تھے اور عامر لیاقت کے قریبی دوست احباب بھی شامل ہوئے تھے۔

عامر لیاقت کی دوسری بیوی طوبی نے بھی گذشتہ روز سوشل میڈیا پر عامر لیاقت سے خلع لینے کا اعلان کیا تھا۔ طوبی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ عامر لیاقت سے چودہ ماہ تک الگ رہنے کے بعد خلع لینے کا فیصلہ کیا۔ رشتے میں بہتری کی امید نہیں نظر آرہی۔ یہ بھی کہا تھا کہ ان کے لئے یہ سب بہت مشکل ہے مگر اللہ پہ بھروسہ ہے۔ درخواست کی کہ ان کے مشکل وقت میں ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔

عامر لیاقت نے ٹویٹ پیغام میں کہا میری تیسری شادی کیا ہوئی، گویا آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگ گئی۔ کہا افواہوں، بدگمانی،غیبت اور حسد کے شعلے بھڑک رہے ہیں، کچھ پہلی کے بعد دوسری شادی کیسے کریں؟ یہ سوچ کر تڑپ رہے ہیں۔

عامر لیاقت کی پہلی بیوی بشری سے بھی علحیدگی ہو چکی ہے۔ پہلی بیوی سے ہونے والی بچے بھی بشری کے پاس ہی ہیں۔