Thursday, March 28, 2024

رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
August 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہو گیا۔

بغاوت کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ویسٹ عمر شبیر کی عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس نے شہبازگل کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے مخالفت کر دی۔

عدالت نے شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تھانہ کوہسار پولیس کو انہیں جمعہ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق شہباز گل کے خلاف الزامات پر ریمانڈ ضروری ہے۔ ان کا طبی معائنہ اور ووکل ٹیسٹ کروایا جائے۔

عدالت پیشی کے موقع پر شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ میرے بیان میں ایسا کچھ غلط نہیں جس پر شرمندگی ہو۔

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا حکومت کے پاس ثبوت نہیں۔ گرفتاری اور پرچے قانون کے مطابق ہونے چاہیں۔

شہباز گل کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔