Wednesday, April 24, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں : امریکہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں : امریکہ
October 14, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے زور دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ ہی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے بریفنگ میں کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان وسیع تعاون اور مذاکرات چاہتا ہے جو سکیورٹی کے معاملے میں دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کا جھکاو¿ مذاکرات کی طرف ہونا چاہیے اور اسی سلسلے کو جاری رہنا چاہیے۔ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق پاکستان نے کچھ شواہد فراہم کیے ہیں ان شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس معاملے کوامریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن ان شواہد کا مختلف ذرائع سے جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق شواہد کو سالانہ رپورٹ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات پر تشویش ہے۔ طالبان کے ہلمند میں حالیہ حملے افغانستان کو عدم استحکام کی طرف لے جا رہے ہیں لیکن افغانستان میں حکومتی فورسز سے مل کر امن قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔