Friday, April 26, 2024

لاہور : ڈورے مون بند کرنے کی قرارداد‘ جاپانی صحافی پنجاب اسمبلی پہنچ گیا

لاہور : ڈورے مون بند کرنے کی قرارداد‘ جاپانی صحافی پنجاب اسمبلی پہنچ گیا
September 26, 2016
لاہور (92نیوز) جاپانی صحافی ڈورے مون کارٹون کی بندش کے لیے قرار داد پیش کرنے پر پنجاب اسمبلی پہنچ گیا۔ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کہتے ہیں کہ ہم ڈورے مون کی بندش نہیں چاہتے۔ کارٹون کی ہندی میں ڈبنگ پر اعتراض ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جاپان کے صحافی یوجی کرونوما نے اپوزیشن لیڈرسے ملاقات کی جس میں انہوں نے کارٹون ڈورے مون کیخلاف پیش کی جانے والی قرارداد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر محمود الر شید نے کہا کہ ڈورے مون کارٹون یقینا بچوں کیلئے تفریح ہے مگر اس کی ڈبنگ ہندی میں کی گئی ہے۔ بچے اب اکثر ہندی زبان کے لفظ استعمال کرتے رہتے ہیں جو ہماری معاشرتی اقدار کے برخلاف ہے۔ محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈورے مون کارٹون اردو یا جاپانی زبان میں نشر ہونا چاہیے۔ ہم اس میں صرف چند تبدیلیاں ضرور دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈورے مون میں گیجٹس سے وقت پیچھے کرنے اور ازخود ہوم ورک کر نے جیسی چیزیں دکھائی جاتی ہیں جسے دیکھنے کے بعد بچے بھی اس طرح کے گیجٹس کے حصول کیلئے والدین سے تقاضا کرتے ہیں۔