Friday, April 26, 2024

رات گئے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بنی گالہ پہنچی، بکتر بند گاڑیاں بھی ساتھ تھیں

رات گئے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بنی گالہ پہنچی، بکتر بند گاڑیاں بھی ساتھ تھیں
May 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رات گئے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بنی گالہ پہنچی۔ خواتین اہلکار ، بکتر بند گاڑیاں اور پریزن وینز بھی ساتھ تھیں۔

 سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سپیشل برانچ کی نفری بھی بنی گالہ کے باہر موجود رہی۔ پولیس حکام کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ کے اطراف سکیورٹی کے باعث سرچ آپریشن کیا ، کارکنوں کو گرفتار نہیں کیا ۔ پولیس کی روانگی کے بعد کارکن خیموں سے نکل آئے۔ ڈنڈے لہرائے اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔ علی امین گنڈا پور سمیت مختلف پی ٹی آئی رہنما بھی بنی گالہ پہنچے۔

واضح رہے کہ لانگ مارچ اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر تحریک انصاف نے پیشگی منصوبہ بندی کی ہے۔ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے اطراف انسانی حصار قائم کیا گیا۔ لانگ مارچ کا اعلان ہوتے ہی یوتھ ونگ کے کارکنان عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر پہرہ دیں گے۔ کارکنوں کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروریات کے لیے اقدامات کر دیے گئے ۔ پلان کے تحت 5 ہزار کارکن اسلام آباد کے مختلف حصوں میں پہلے سے پہنچائے جائیں گے اور ممکنہ لانگ مارچ کی کامیابی اور گرفتاری روکنے کے لیے کارکنوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔