Thursday, May 2, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر چار سو چھہتر رنز بنا کر اننگز ڈیکلئر کی

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر چار سو چھہتر رنز بنا کر اننگز ڈیکلئر کی
March 5, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے گرفت مزید مضبوط کر لی۔ چار وکٹوں کے نقصان پر چار سو چھہتر رنز بنا کر اننگز ڈیکلئر کی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا۔ خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کر دیا گیا۔ آسٹریلیا نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 5 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی  پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 471 رنز درکار ہیں۔

پاکستان نے  پہلی اننگز چار وکٹیں 476 رنز پر ڈیکلیئر کر دی۔ امام الحق اور اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کی۔ دونوں بلے بازوں  کے درمیان  208 رنز کی شرکت قائم ہوئی۔ امام الحق نے 358 گیندیں کھیل کر 157 رنز بنائے اور مہمان  ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی  نے ٹیسٹ کیرئیر کی 19 ویں سنچری اسکور کی۔ سنچری بنا کر فواد عالم کے انداز میں ارطغرل اسٹائل میں  جشن منایا۔ اظہر ڈبل سنچری سے صرف 15 رنز قبل مارنس لبوشین کی گیند پر اپنی غلط شاٹ کی وجہ سے وکٹ گنوا بیٹھے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ افتخار احمد 13 اور محمد رضوان 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد رضوان نے ٹیسٹ کیریئر میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔