Sunday, May 12, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دیدی
December 5, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دیدی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی اننگز 80 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی تو جلد ہی اوپنر امام الحق 48 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی، محمد رضوان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کا سکور 198 رنز پر پہنچا تو مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل 76 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھے روز زخمی ہونے والے اظہر علی دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے تاہم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور 40 رنز بناکر رخصت ہوئے۔ آغا سلمان نے 30 رنز کی اننگ کھیلی، نسیم شاہ 6، زاہد محمود ایک رن اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد علی صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بین سٹوکس اور ول جیک کے ہاتھ ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے اور دوسری اننگز 264 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 579 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں قومی ٹیم 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 74 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔