Monday, May 6, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، امام، عبداللہ اور بابر اعظم کی سنچریاں، پاکستان کے 7 وکٹ پر 499 رنز

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، امام، عبداللہ اور بابر اعظم کی سنچریاں، پاکستان کے 7 وکٹ پر 499 رنز
December 3, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز، امام الحق، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 7 وکٹوں پر 499 رنز بنالیے، انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے 156 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز 181 رنز بغیر کسی نقصان سے آگے بڑھائی، دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ کا ریکارڈ قائم کردیا، دونوں نے ملکر 225 رنز کی شراکت بنائی۔ اوپنر عبداللہ شفیق 114 اور امام الحق 121 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم نے بھی وکٹ کی چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے 168 گیندوں پر 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 136 رنز کی شاندار اننگ تراشی۔

اظہر 27، سعود شکیل 37، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 29 اور نسیم شاہ 15 رنز بناکر رخصت ہوئے۔ آغا سلمان 10 اور زاہد محمود ایک رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے 3 مہرے کھسائے، جیک لیچ کے حصے میں 2 جبکہ جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن کے ہاتھ میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل مہمان انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز 657 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 153 رنز کی اننگ کھیل کر ٹاپ سکورر رہے، اوپنر زیک کرولی 122 ، اولی پوپ 108 اور بین ڈکٹ 107 رنز بناکر نمایاں رہے۔