Friday, May 17, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 271 رنز

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 271 رنز
March 6, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لیے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کینگروز بھی شاہینوں کے سامنے ڈٹ گئے۔ آسٹریلوی اوپنرز کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کو 156 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 68 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

11 ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فواد عالم نے عثمان خواجہ کا کیچ ڈراپ کر دیا جس کا انہوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا اور اور نصف سنچری مکمل کی۔

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کو نعمان علی نے پویلین روانہ کیا وہ 97 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

میچ میں نسیم شاہ کے باؤنسر مارنے پر وارنر اور قومی باؤلرز کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو سے شائقین محظوظ ہوئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان بھی ہنسی مذاق چلتا رہا۔

اوپنرز کے 203 رنز پر پویلین لوٹ جانے کے بعد مارنس اور اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا، تیسرے دن کا کھیل کم روشنی کی سبب جلدی ختم کر دیا گیا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ مارنس 69 اوراسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرا روز خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنا پڑگیا۔

اس سے قبل راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئر کی۔ اظہر علی 185 اور امام الحق 157 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔