Tuesday, May 7, 2024

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز، انگلینڈ پہلی اننگز میں 657 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے بغیر کسی نقصان 181 رنز

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز، انگلینڈ پہلی اننگز میں 657 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے بغیر کسی نقصان 181 رنز
December 2, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 657 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان 181 رنز بنالیے، 476 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز مہمان انگلینڈ نے پہلی اننگز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 657 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 153 رنز کی اننگ کھیل کر ٹاپ سکورر رہے، اوپنر زیک کرولی 122 ، اولی پوپ 108 اور بین ڈکٹ 107 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جوروٹ 23، بین سٹوکس 41، لیام لیونگ سٹون 9، ول جیکس 30، اولی رابنسن 37 اور جیمز اینڈرسن 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4، نسیم شاہ نے 3، محمد علی نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 51 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالئے اور ابھی اسے انگلینڈ کا سکور پورا کرنے کے لیے 476 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ اوپنرز عبداللہ شفیق 89 اور امام الحق 90 رنز بناکر کریز پرموجود ہیں۔