Tuesday, April 16, 2024

راولپنڈی، چکری کے علاقے میں زمین کے تنازعہ پر 2 قتل، 3 افراد زخمی

راولپنڈی، چکری کے علاقے میں زمین کے تنازعہ پر 2 قتل، 3 افراد زخمی
June 26, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - راولپنڈی میں پولیس جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہو گئی، چکری کے علاقے میں زمین کے تنازعہ پر دو افراد قتل، تین زخمی ہوگئے، صادق آباد کے علاقے میں دن دیہاڑے بزرگ خاتون کی بالیاں نوچ لی گئیں۔

سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری کے دعوے اور نوٹس لینا اپنی جگہ مگر حقیقت یہ ہے کہ راولپنڈی پولیس تھانہ چونترہ اور چکری کے علاقوں میں قبضہ مافیا کو نکیل ڈالنے سمیت راولپنڈی بھر میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

تھانہ صادق آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈکیت بزرگ خاتون کی بالیاں نوچ کر بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں افسوسناک منظر کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سونے کی بالیاں نوچتے وقت خاتون کے کان زخمی بھی ہوئے۔

ایک اور واقعے میں تھانہ چکری کے علاقے میں زمین کے تنازعے پر دو افراد کو قتل، تین کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔

لواحقین کے مطابق شبیر نامی شخص نے دیگر ملزمان کے ہمراہ فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا پولیس موقع پر تو پہنچی مگر کسی کو گرفتار نہ کر سکی۔ ذرائع کے مطابق مقامی عدالت کی جانب سے مقتولین کے حق میں فیصلہ ہوا تھا۔

آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے کر آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ہمشیہ کی طرح ایک بار سی پی او راولپنڈی نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔