Friday, April 19, 2024

کراچی : رینجرز اہلکار کی فائرنگ سے ساتھی اہلکار جاں بحق‘ مقدمہ درج

کراچی : رینجرز اہلکار کی فائرنگ سے ساتھی اہلکار جاں بحق‘ مقدمہ درج
October 23, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں جھگڑے کے دوران رینجرز اہلکار کی فائرنگ سے ساتھی اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے اہلکار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں واقع بیرک میں دو رینجرز اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ اس دوران اہلکار مرتضیٰ نے طیش میں آکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ساتھی اہلکار معشوق علی زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جاں بحق اہلکار کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اہلکار کی لاش صبح چھ بج کر پینتیس منٹ پر جناح اسپتال لائی گئی۔ شاہراہ فیصل پولیس نے جائے وقوعہ سے فائرنگ کرنے والے اہلکار مرتضیٰ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس نے ملزم مرتضیٰ کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔