Saturday, September 21, 2024

رانا ثنا اللہ منشیات اسمگلنگ کیس میں بری ہو گئے

رانا ثنا اللہ منشیات اسمگلنگ کیس میں بری ہو گئے
December 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ منشیات اسمگلنگ کیس میں بری ہو گئے۔

اینٹی نارکوٹکس عدالت میں رانا ثناءاللہ کیخلاف 15 کلو ہیروئین برامدگی کیس میں بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ انسداد منشیات عدالت کے جج محمد نعیم نے رانا ثناءاللہ کی بریت کی درخواست کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ رانا ثناءاللہ عدالت میں حاضری کے لیے پیش ہوئے۔ رانا ثناءاللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے بریت کی درخواست پر دلائل پیش کیے۔ لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے رانا ثناءاللہ کو بری کر دیا۔ عدالت نے گواہوں کے بیانات کی روشنی میں رانا ثناءاللہ کو بری کیا۔

 دوران سماعت مدعی کی جانب سے عدالت میں بیان پر بڑا انکشاف سامنے آیا۔ گواہان نے کسی قسم کی منشیات کی برآمدگی ہونے سے متعلق گواہی ہی نہ دی۔ گواہان نے کہا ہم نے کسی قسم کی کوئی منشیات رانا ثناءاللہ کے پاس نہیں دیکھی۔ ہمارے سامنے رانا ثناء اللہ سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی ۔ رانا ثناءاللہ کے اوپر منشیات کا جو الزام ہے ہمارے پاس کسی قسم کے ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے تنقیدی توپوں کا رخ تحریک انصاف کی جانب موڑ دیا، کہا یہ ملک کا نقصان کرنے نکلے ہیں۔ گزشتہ سات ماہ سے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان یہ ڈرامہ چھوڑیں اور اسمبلی توڑیں۔ انہوں نے کہا صدر مملکت عارف علوی مذاکرات  کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے خلاف مقدمات جھوٹے تھے، انصاف کا تقاضا ہے یہ ختم ہونے چاہئیں۔ نواز شریف جلد واپس آ کر پارٹی کو لیڈ کریں گے۔

مزید بولے ڈیلی میل نے شہزاد اکبر کے کہنے پر جھوٹی خبر شائع کی جس پر اب انہوں نے معذرت کی ہے۔ عمران خان دوسروں پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہیں  لیکن  فرح گوگی کی کرپشن پر کچھ نہیں بولتے۔