Friday, April 19, 2024

رانا شمیم کیس، انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

رانا شمیم کیس، انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
January 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے رانا شمیم کیس میں انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ثاقب نثار کی مبینہ آڈیوکلپ کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنیکی  درخواست پر سماعت کی۔ استفسار کیا اصل آڈیو کلپ کا معلوم نہیں وہ کہاں موجود ہے؟ جس پر صدر سندھ ہائیکورٹ بار صلاح الدین نے کہا کہ اصل آڈیو کلپ کہاں ہے ہمیں بھی نہیں معلوم۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ تمام چیزیں زیر التوا اپیل سے متعلق ہیں، جن کی اپیلیں ہیں،  انہوں نے انکوائری کا مطالبہ ہی نہیں کیا ؟ عدالت جو بھی آرڈر جاری کرے،  اس کے اثرات زیر التوا اپیلوں پر بھی آئیں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی پٹیشن میں الزام ہے،  اس عدالت کے بینچز کسی دباؤ میں بنائے گئے جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا یہ الزام رانا شمیم کے بیان حلفی میں لگایا گیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا عدالت کمپرومائزڈ تھی اور بینچ پریشر میں بنایا گیا تھا ؟ اس کا کوئی چھوٹا سا بھی ثبوت ہے ؟ اگر ثبوت نہیں تو یہ عوام پر عدالت پر اعتماد ختم کرنے کی کوشش ہے۔ جب آپ کہتے ہیں انکوائری ہونی چاہئے تو وہ بینچ میں شامل ججز کی ہو گی،  کیا کسی کی خواہش یا بیانیے پر ججوں سے انکوائری شروع کر دیں؟۔

عدالتی استفسار پر وکیل صلاح الدین نے بتایا کہ آڈیو کلپ کی فرانزک رپورٹ انہوں نے انٹرنیٹ سے حاصل کی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انٹرنیٹ پر تو بہت ساری چیزیں آتی ہیں،  اس پر کوئی ریفرنس نہیں۔ ثبوت لائیں تو اس عدالت کو کمیشن بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو آڈیو کلپ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی۔