Friday, March 29, 2024

رانا شمیم کی ٹیپ حقائق پر مبنی نہیں تھی، شاہ محمود قریشی

رانا شمیم کی ٹیپ حقائق پر مبنی نہیں تھی، شاہ محمود قریشی
January 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا رانا شمیم کی ٹیپ حقائق پر مبنی نہیں تھی۔

جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے معاملے میں زیادہ بات نہیں کر سکتا، معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ جج ارشد ملک کو بلیک میل کیا گیا۔ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ سود مند ثابت نہیں ہوئے۔

شاہ محمود قریشی بولے کہ گزشتہ سالوں میں مشکل فیصلے کئے، کڑوی گولی کھائی، ہمارا چیلنج اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے، ہم اپوزیشن کا سیاسی انداز میں مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ مہنگائی کے بڑھنے کے بنیادی مسائل کیا ہیں۔

انہوں نے کہا ہم معیشت کی شرح نمو 5 فیصد پر لائے۔ بلومبرگ، اکانومسٹ پاکستانی معشیت کی بہتری کے اشارے دے رہے ہیں۔ مہنگی یوریا بھی بین الاقوامی کھاد سے سستی ہے۔ ملک میں گیس کی پیداوار 9 فیصد سالانہ کم ہو رہی ہے، گیس کی بندش سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں، اس کے باوجود فرٹیلائزر کمپنیوں کو گیس کی فراہمی جاری رکھی۔ یورپ میں 70 فیصد گیس کی قیمت بڑھ چکی ہے۔

وزیرخارجہ بولے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بین الاقوامی سطح پر بڑھ گئی ہے اس کا اثر پڑے گا، عام اشیاء پر بھی اس کا اثر پڑا ہے۔ پام آئل امپورٹ کرتے ہیں اس وجہ سے بناسپتی گھی مہنگا ہے یہ بین الاقوامی حقائق ہیں۔ کیا اس تمام صورتحال کے ہم ذمہ دار ہیں؟۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جی ڈی پی کی شرح بڑھ رہی ہے مگر اپوزیشن کبھی اس کی تعریف نہیں کرے گی، فی کس آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے، مگر اپوزیشن میں حوصلہ نہیں یہ بیان کرے یا سنے۔ ہمارے پہلے دو سال استحکام، تیسرا سال ریکوری اور چوتھا سال خوشحال پاکستان کا سال ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈپلومیٹک اور کونسلر آفیسرز ترمیمی آرڈیننس کی مدت میں ایک سو بیس روز توسیع کی قرارداد قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی۔

شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران ایوان میں شور شرابہ رہا۔