Tuesday, May 7, 2024

سانحہ کوئٹہ کیس : ماسٹرمائنڈ کی گرفتاری سے متعلق جواب نہ ملنے پر کمیشن برہم

سانحہ کوئٹہ کیس : ماسٹرمائنڈ کی گرفتاری سے متعلق جواب نہ ملنے پر کمیشن برہم
November 12, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ میں سانحہ آٹھ اگست سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی سماعت جاری ہے۔ ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری سے متعلق بیان کی وضاحت نہ ہونے پر کمیشن نے اظہار برہمی کیا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کہتے ہیں کہ اس حوالے سے واضح نہیں کیا گیا تووزیراعلیٰ کوطلب کرلیں گے‘ انہیں استثنیٰ حاصل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ میں سانحہ 8اگست سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران کمیشن نے ماسٹرمائنڈ کی گرفتاری سے متعلق بیان کی وضاحت نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ آئی جی بتائیں کہ وزیراعلیٰ کہاں ہیں۔ انھیں وزیراعلیٰ کی موومنٹ کی سب خبر ہو تی کیونکہ جب تک وہ خود اس بیان کی وضاحت نہیں کرینگے کنفیوژن برقراررہے گی۔ یہاں وزیراعلیٰ کچھ‘ انکے ترجمان کچھ اور ڈی آئی جی پولیس کچھ اور ہی کہہ رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں رپورٹ میں لکھیں گے فوری طور پر ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری سے متعلق واضح کیا جائے۔ اگر 20منٹ میں واضح جواب نہ آیا تو وزیراعلیٰ کو طلب کیا جائے گا انہیں استثنیٰ حاصل نہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ کمیشن کی کارروائی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کمیشن پر سیاست نہیں ہونے دیں گے۔ کمیشن میں سول ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ کمیشن کی سماعت جاری ہے۔