Friday, March 29, 2024

قرآن پاک کی بے حرمتی، صدرترکیہ سویڈش حکومت پر برہم، نیٹو ممبر شپ کی حمایت سے انکار

قرآن پاک کی بے حرمتی، صدرترکیہ سویڈش حکومت پر برہم، نیٹو ممبر شپ کی حمایت سے انکار
January 24, 2023 ویب ڈیسک

انقرہ (92 نیوز) - قرآن پاک کی بے حرمتی پر صدرترکیہ رجب طیب اردوان نے سویڈن کی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

ترک صدر طیب اردوان نے دو ٹوک الفاظ میں نیٹو کی ممبر شپ کے لئے سویڈن کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔ طیب اردوان کہتے ہیں نیٹو کی ممبر شپ کے لئے سویڈن کی کسی صورت حمایت نہیں کر یں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی کے بعد سویڈن اب ہم سے کوئی امید نہ کھے، سویڈن میں ہمارے سفارت خانے کے باہر حکومت نے جان بوجھ کر احتجاج کی اجازت دی۔

ادھر دوسری جانب سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر مشرق وسطیٰ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک اردن، عراق اور یمن میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ سویڈن کے پر چم نذر آتش کئے گئے۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں سویڈن کےقونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور دیگر ممالک سویڈن کےخلاف مذمتی بیان جاری کریں۔