راولپنڈی (92 نیوز) - ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے قومی سلامتی کمیٹی کے دونوں اجلاسوں میں بتایا گیا بیرونی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سازش کے بیانیے کی حقیقت بتا دی۔ شیخ رشید کے دعوے کو بھی غلط قرار دیا۔ پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا بے اثر کر دیا۔
انہوں نے کہا قومی سلامتی کے دونوں اجلاسوں میں بتایا گیا بیرونی سازش کے کوئی ثبوت نہیں۔ اپنی رائے کا سب کو حق ہے لیکن جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہئے۔ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کے محافظوں کی کفایت شعاری کی تفصیل بتائی۔ اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ جی ڈی پی کے تناظر میں لگاتار نیچے جارہا ہے۔ قوم کے ساتھ فوج بھی قربانی دے رہی ہے۔ پاک فوج نے 2020ء سے دفاعی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ اس بجٹ میں بھی مسلح افواج نے 100 ارب بجٹ کم لیا ہے۔ کورونا کی مد میں ملنے والی رقم میں سے 6 ارب روپے کی رقم بچا کر حکومت کو واپس کر دی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پرویز مشرف کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کی پاکستان واپسی کے معاملے پر پاک فوج کی رائے سے آگاہ کیا۔