Saturday, May 18, 2024

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں سازش کا کوئی ذکر نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں سازش کا کوئی ذکر نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
April 14, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں سازش کا کوئی ذکر نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بریفنگ میں کہا اعلامیہ میں کہا گیا ہے خط میں غیرسفارتی زبان استعمال کی گئی، فوج نے وزیراعظم کو کوئی آپشن نہیں دیا، انہوں نے ہی بیچ بچاؤ کرانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کیا، تین آپشنز پر گفتگو ہوئی، آرمی چیف نے غیر آئینی مدد سے انکار کردیا۔ مزید بولے فوج کی کردار کشی روکنا حکومت کا کام ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج نے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کبھی مارشل لا نہیں لگے گا، پارلیمنٹ، عدلیہ، مسلح افواج مل کر جمہوریت کی حفاظت کریں گی۔

سوال کے جواب میں میجر جنرل بابر افتخار بولے جس دن وزیراعظم نے حلف لیا، اسٹاک مارکیٹ بڑھی، ڈالر نیچے گیا، پاک فوج نے سی پیک کے منصوبے بند نہیں ہونے د یئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جس طرف آرمی چیف دیکھتے ہیں 7 لاکھ فوج بھی اسی طرف دیکھتی ہے، اُنہوں نے کہا کہ کہا آرمی چیف توسیع مانگ رہے ہیں نہ ہی توسیع قبول کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں پر بیان دیتے ہوئے ذمہ دار رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں نے بھی ایٹمی پروگرام کی تکمیل میں بھر پور کردار ادا کیا، پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔