Friday, March 29, 2024

قومی کرکٹرز کی 2021 میں بہترین کارکردگی پر تقریب پذیرائی

قومی کرکٹرز کی 2021 میں بہترین کارکردگی پر تقریب پذیرائی
January 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کی 2021 میں بہترین کارکردگی پرتقریب پذیرائی منعقد کی جس میں ہرکھلاڑی کو 15 لاکھ کا انعام دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیلنڈر ائیر 2021 میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا، جس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کھلاڑیوں کو فی کس 15 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

تقریب میں کپتان بابر اعظم، شعیب ملک، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاہنواز دھانی، حیدر علی، ساجد خان اور عابد علی شامل تھے۔

فاسٹ باؤلر حسن علی، سپنر شاداب خان اور سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ مصروفیت کے سبب شریک نہیں ہوسکے۔

اس سے قبل چئیرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں اور عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ملاقات کی۔ رمیز راجا نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔

کھلاڑیوں نے چئیرمین سے ملاقات کے بعد ڈنر میں شرکت کی جس میں قومی ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے علاوہ پی سی بی ڈائریکٹرز بھی شریک تھے۔