Thursday, April 18, 2024

قومی کرکٹ ٹیم کا 2022-23 تک کا مصروف ترین شیڈول جاری

قومی کرکٹ ٹیم کا 2022-23 تک کا مصروف ترین شیڈول جاری
April 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے سال 2021 کامیابی سے بھرپور رہا ہے تاہم 2022 کا سیزن بھی قومی ٹیم کے لیے مصروف سال رہے گا، پاکستانی ٹیم جون 2022 سے مئی 2023 تک پانچ سیریز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز، سری لنکا، ہالینڈ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ قومی ٹیم اگست میں ہونے والے ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔

پاکستانی ٹیم سیزن 2022-23 میں 17 ون ڈے 25 ٹی ٹوئنٹی اور سات ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ جولائی اگست میں قومی ٹیم سری لنکا کے دورے پر دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔

اگست میں ہی پاکستانی ٹیم تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے نیدر لینڈ جائے گی، اگست، ستمبر میں ایشیا کپ میں گرین شرٹس شرکت کے لیے سری لنکا جائے گی۔

ستمبر،اکتوبر میں انگلینڈ کی ٹیم 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اکتوبر، نومبر میں پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جائے گی۔

نومبر، دسمبر میں انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ایک بار پھر پاکستان آئے گی۔ دسمبر جنوری میں نیوزی لینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔

جنوری 2023 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ اگلے برس اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔