Tuesday, April 23, 2024

قومی خزانے کو 325 ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے محکموں کی نجکاری کا فیصلہ

قومی خزانے کو 325 ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے محکموں کی نجکاری کا فیصلہ
June 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے دسمبر تک قومی خزانے کو 325 ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے محکموں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا۔

ادھر آئی ایم ایف کے ڈومور مطالبات بڑھتے ہی چلے جا رہے ہیں، بجٹ خسارے میں کمی اور قرض کی ڈالروں میں واپسی بڑھانا ہوگی، اخراجات پر کٹ اور محصولات میں اضافہ کرنا ہوگا، پاکستان کو نیا ٹاسک مل گیا۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ نئے سمجھوتے کے تحت 325 ارب سالانہ ہڑپ کرنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری دسمبر تک مکمل جبکہ ڈالر کی قیمت بڑھنے اور افراط زر سے محصولات میں 32 فیصد اضافہ حاصل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے ایف بی آر کو محصولات بڑھانے کے لیے سیلز ٹیکس کا ریٹ مزید بڑھانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم کی فروخت پر کم ازکم تین ماہ سیلز ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، ایف بی آر کم ازکم 780 ارب روپے کے محصولات جمع کرے گا، سرکاری کمپنیوں کی فروخت یا حصہ داری سے کم ازکم 300 ارب روپے حاصل کئے جائیں گے۔

ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان جاری ہے، مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہونے کے خلاف پہلا اقدام سامنے آگیا، اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کے لیے 500 ملین ڈالر کا فنڈ مختص کردیا، یہ اقدام آئی ایم ایف کے ساتھ نیا سمجھوتہ طے پانے کا پہلا اشارہ ہے۔