Thursday, April 25, 2024

قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل سمیت متعدد بلز منظور کروا لئے گئے

قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل سمیت متعدد بلز منظور کروا لئے گئے
January 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل سمیت متعدد بلز منظور کروا لئے گئے۔ اپوزیشن کا احتجاج بھی کام نہ آیا۔

قومی اسمبلی سے منظور کیے جانے بل کے مندرجات کے مطابق مرکزی بینک پر حکومت پاکستان کا کنٹرول برقرار رہے گا۔ حکومت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نام نامزد کرے گی اور بورڈ ارکان کے تقرر کی منظوری کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہو گا۔ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنرز کا تقرر وفاقی حکومت وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کے مابین مشاورت کے بعد کرے گی۔ ان کا تقرر تین امیدواروں کے پینل سے کیا جائے گا۔

بل کے مطابق حکومت اور اسٹیٹ بینک کے درمیان کوآرڈینیشن برقرار رہے گا۔ مانیٹری پالیسی بورڈ تحلیل ہونے سے مشاورت کا عمل نہیں رکے گا۔  اسٹیٹ بینک مہنگائی کنٹرول کرنے کا مکمل طور پر ذمہ دار نہیں ہو گا البتہ اسٹیٹ بینک مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کی مدد کرے گا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے قرضہ لینے پر پابندی ہو گی۔ بینک حکومت، یا حکومتی ملکیتی ادارے یا کسی دوسرے عوامی ادارے کو براہ راست قرض نہیں دے گا اور نہ ہی اس کی ضمانت دے گا۔ اسٹیٹ بینک ملک کی فسکل مانیٹری سرگرمیوں پر نگران آڈٹ بورڈ کی تعیناتی کر سکے گا۔  

گورنر، ڈپٹی گورنرز، نان ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ایم پی سی اراکین کا تقرر پانچ سال کی مدت کے لیے کیا جائے گا اور وہ اپنی ابتدائی مدت کے اختتام کے بعد پانچ سال کی دوسری مدت کے لیے دوبارہ تقرر کے اہل ہوں گے۔