Saturday, April 27, 2024

قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور
July 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدرت قومی اسمبلی کے اجلاس میں عدالتی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا قانون سازوں کو قانون سازی کرنے کا کردار دیا گیا ہے۔ مقننہ اس پر عمل درآمد کرے اور عدلیہ اس پر فیصلے کرے۔

اس سے قبل وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا سپریم کورٹ کے اختیارات کا تعین کرنے کیلئے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔ عدالت کا کام آئین میں ترمیم کرنا نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا سلیکٹڈ نظام کیلئے اداروں نے غیرآئینی کردار ادا کیا۔ نواز شریف کی دو تہائی والی حکومت  میں فیصلے کہیں اور ہوتے رہے۔ مرضی کے فیصلے نہ ہوں تو ملک کو تقسیم کرنے کی بات کی جاتی ہے۔ صرف اتنی گزارش کی وزیراعلیٰ کے کیس میں فل کورٹ بنا دیا جائے۔ سابق چیف جسٹس افتخارچودھری کیلئے ہم نے جدوجہد کی مگر انہوں نے متعدد غیرآئینی فیصلے دیئے۔