Friday, April 19, 2024

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے 15 سے20 ارکان رابطے میں ہیں، فیاض الحسن چوہان

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے 15 سے20  ارکان رابطے میں ہیں، فیاض الحسن چوہان
February 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے 15 سے20 ارکان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے پروگرام ’’ صبح سویرے پاکستان ‘‘ میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنی چمڑی اور دمڑی بچانے کیلئے تحریک عدم اعتماد کی باتیں کر رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کو ڈی آئی خان کے رزلٹ سے پیغام مل گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ شہبازشریف، حمزہ سمیت شریف خاندان 15 دن بعد فرار کی کوششیں کر رہا ہوگا۔ مولانافضل الرحمٰن اور بلاول جلد اپنوں کی بےوفائی کا رونا رورہے ہوں گے۔ ساڑھے تین سال سے اپوزیشن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔

صوبائی وزیر نے کہا سروے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی ہر شعبے میں پہلے نمبرپر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی ن لیگ کے پہلے ساڑھے 3 سال سے چیک کرلیں۔ ہرخاندان کو 10 لاکھ روپے تک کی مفت ہیلتھ انشورنس پہلی مرتبہ ملی۔

فیاض الحسن چوہان مزید بولے کہ اگلا ڈیڑھ سال بھی اپوزیشن کچھ نہیں کرسکتی، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ الیکشن کے بعد بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔