Friday, April 19, 2024

قومی اسمبلی میں کامیابی کے بعد اپوزیشن اتحاد حمزہ شہباز کو وزیراعلی پنجاب منتخب کرانے کیلئے سرگرم

قومی اسمبلی میں کامیابی کے بعد اپوزیشن اتحاد حمزہ شہباز کو وزیراعلی پنجاب منتخب کرانے کیلئے سرگرم
April 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی اسمبلی میں کامیابی کے بعد اپوزیشن اتحاد حمزہ شہباز کو وزیراعلی پنجاب منتخب کرانے کیلئے سرگرم ہو گئی۔

وفاق میں کامیابی سمیٹنے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے نظریں پنجاب پر جما لیں۔ متحدہ اپوزیشن کا دعوی ہے کہ پنجاب میں ان کے پاس نمبر گیم پورا ہے۔ گزشتہ دنوں نجی ہوٹل میں ہونیوالے متحدہ اپوزیشن کے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے تھے۔ لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کہتی ہے حمزہ شہباز کو بھاری اکثریت سے وزیراعلی پنجاب منتخب کروائینگے۔

اپوزیشن اتحاد کے ایم پی ایز لاہور کے نجی ہوٹل میں مقیم ہیں اور جنہیں وزیراعلی پنجاب کیلئے ہونیوالی ووٹنگ تک ہوٹل میں ہی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حمزہ شہباز کی جانب سے ارکان اسمبلی کو غیر ضروری ملاقاتوں اور میڈیا نمائندگان سے بات چیت سے بھی منع کیا گیا ہے۔  

ادھر مسلم لیگ ن نے  وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر سماعت کل ہو گی۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے وزیراعلی پنجاب کے نامزد امیدوار چودھری پرویز الہی کی جانب سے کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔