Sunday, September 8, 2024

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 28 مارچ شام 4 بجے تک ملتوی

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 28 مارچ شام 4 بجے تک ملتوی
March 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسمبلی کا اجلاس پیر اٹھائیس مارچ تک ملتوی کر دیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا تو وہی ہوا جس کا امکان تھا۔ تلاوت، نعت اور قومی ترانہ کے بعد سپیکر اسد قیصر نے پینل آف چیئر کا اعلان کیا اور کہا اس ایوان کی روایت رہی ہے کسی بھی ممبر کی وفات کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا جاتا ہے۔ سابق ادوار چوبیس بار سمیت موجودہ اسمبلی میں بھی پانچ بار اجلاس ملتوی ہونے کی روایت برقرار رہی ہے لہذا آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا اگلے روز تک بڑھاتے ہوئے اجلاس ملتوی کیا جارہا ہے۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے کو آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔ اسد قیصر نے اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر بات کرنے کے لئے کھڑے ہوئے ہی تھے کہ سپیکر کرسی چھوڑ کر چلے گئے۔ اپوزیشن نے کوئی خاص احتجاج کیا نہ ہی ایوان میں دھرنا دیا۔ سپیکر آفس اور اپوزیشن کے ذرائع کا دعوی ہے کہ حکومت جمعہ کے روز تحریک عدم اعتماد کو ایجنڈے میں شامل نہیں کرنا چاہ رہی تھی۔ اسے پیر کو شامل کرنا چاہ رہی تھی جبکہ اپوزیشن کا پلان تھا کہ وہ جمعہ کو تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل نہ ہونے کی صورت میں اوآئی سی کے موقع ایوان میں دھرنا دے دینے کی دھمکی پر عمل کرے گی اور ایوان میں دھرنا دے دے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور پر رابطے ہوئے جن میں دونوں کے درمیان طے پایا کہ سپیکر تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل کریں گے اور اجلاس فوت ہونے والے رکن خیال زمان کے لئے دعائے مغفرت کے بعد طویل عرصے کی بجائے پیر تک اجلاس ملتوی کریں گے اور اپوزیشن ایوان میں احتجاج یا دھرنا نہیں دے گی۔

ذرائع کے مطابق فریقین نے طے شدہ معاہدے کی پاسداری کی اور قومی اسمبلی اجلاس کا پہلا روز پرامن طریقے سے گزر گیا۔ اب پیر کو چار بجے ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک لی جائے گی جس کے بعد قرارداد پیش ہونے کے بعد تحریک عدم اعتماد کی وجوہات پر بحث شروع کرا دی جائے گی۔ تین دن تک ووٹنگ نہیں ہوگی اس کے بعد قرارداد پیش ہونے کے سات دن سے پہلے ووٹنگ ہو گی جو بھی نتیجہ آئے گا سپیکر اس کا اعلان کر دیں گے۔