Saturday, April 20, 2024

قومی اسمبلی اجلاس 21، عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی

قومی اسمبلی اجلاس 21، عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی
March 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزارت پارلیمانی اُمور کی مشاورت سے اجلاس بلانے پر حتمی غور شروع کردیا۔ قومی اسمبلی اجلاس 21 مارچ کو طلب کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ کن مرحلہ 25 مارچ کے بعد آئے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس او آئی سی اجلاس کے بعد باقاعدہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور اجلاس کی باضابطہ کی کارروائی 23 مارچ کے بعد ہی چلے گی۔

اسمبلی اجلاس طلب کیے جانے کے بعد اسپیکر ایجنڈا کے مطابق ہی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔ اجلاس کے پہلے دن مرحوم ممبر قومی اسمبلی کی فاتحہ کے بعد اجلاس اگلے دن تک ملتوی ہوگا۔

ایجنڈا پر تحریک عدم اعتماد کے آجانے کے 7 دن کے اندر اندر آئینی طریقہ کار کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔ دو تین روز تحریک عدم اعتماد پر بحث ہوگی۔ ووٹنگ 29 سے 31 مارچ میں کسی بھی دن ہوگی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ 27 مارچ کو ہوگا جس سے عمران خان تاریخی خطاب کریں گے جبکہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی جس میں اپوزیشن کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تھی، اسی روز قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزینشن بھی جمع کرائی گئی تھی۔