Saturday, May 4, 2024

قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے فنانس ترمیمی بل منظور کرلیا

قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے فنانس ترمیمی بل منظور کرلیا
January 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے فنانس ترمیمی بل منظور کرلیا۔

حکومت نے قومی اسمبلی میں عددی اکثریت پھر ثابت کر دی۔ اپوزیشن منی بجٹ کی منظوری روکنے میں ناکام رہی۔ اجلاس میں فنانس ترمیمی بل کی شق وار منظوری دیدی گئی۔

اپوزیشن کی ترامیم مسترد کردی گئیں۔ ترامیم کے حق میں 146، مخالفت میں 163ووٹ آئے، حکومتی ارکان نے فنانس ترمیمی بل کی منظوری پر ڈیسک بجائے۔

وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور آصف زرداری بھی ایوان میں موجود تھے۔ اپوزیشن ارکان نے نعرے بھی لگائے، پلے کارڈز لہرائے۔

قومی اسمبلی سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل بھی منظورکرالیا گیا۔ اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل بھی منظوری کے لیے پیش کردیا گیا۔

 وزیر خزانہ شوکت ترین کہتے ہیں نئے ٹیکس نہیں لگا رہے، صرف اکانومی کی ڈاکیومنٹیشن کر رہے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا تین سو تینتالیس ارب میں سے دو سو تہتر ارب روپے واپس ریبیٹ میں چلے جانا چاہیے، باقی اکہتر ارب کے ٹیکس نکال دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیکس جی ڈی پی کبھی اٹھارہ سے بیس فیصد پر نہیں گئی، اپوزیشن والے نہیں چاہتے اکانومی دستاویزی ہو، کیونکہ اس سے انہیں ٹیکس دینا پڑے گا۔