Friday, April 26, 2024

قومی اسمبلی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مذمتی قرار داد منظور

قومی اسمبلی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مذمتی قرار داد منظور
May 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی اسمبلی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مذمتی قرار داد منظور ہو گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلی فلور پر دھمکی آمیز مراسلے کا اعتراف کر لیا۔ کہتے ہیں سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں  پاکستانی سفیر نے بتا دیا دھمکی آمیز گفتگو ہوئی، سازش کا عنصر نہیں تھا، روزانہ کی بنیاد پر بھارت اور وہ ہمیں دھمکیاں دیتا ہے تو کیا یہ سازش ہے؟ دھمکی کی تاریخ تو بہت لمبی ہے، سازش کا لفظ کہاں سے نکلا؟

وزیراعظم شہباز شریف نے توپوں کا رخ سابق وزیراعظم  کی طرف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان  نے پاکستان کے ادارے کے بارے بدترین گفتگو کی۔ میرجعفر اور میرصادق  کی  مثال اس سے قبیح حرکت نہیں ہو سکتی، عمران خان نے زہر اگلا، یہ ادارے کے خلاف سازش ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے  عمران خان کو سکیورٹی رسک قرار دے دیا ، الزام عائد کیا کہ عمران خان خود امپورٹڈ، خاص ایجنڈے کے تحت بھیجا گیا، یہ ہمارے اداروں کے ایٹمی پروگرام پر ہاتھ ڈالنا  چاہتے ہیں ،  جن لوگوں کو گالیاں دیتے ہیں ہو سکتا ہے وہی اس کے کفیل ہوں۔

قومی اسمبلی میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوج مخالف بیان کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔ متن میں سابق وزیر اعظم کے فوج بارے بیانات کو تاریخی حقائق مسخ کرنے اور مسلح افواج کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا  گیا ۔ یہ بھی کہا گیا کہ  پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کا بلا خوف و خطر تحفظ کر رہی ہیں۔ سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی ادارہ کو بدنام کرنے کی ہر کوشش ملکی مفاد کے خلاف ہے۔