Wednesday, May 8, 2024

قومی اسمبلی اجلاس کب بلایا جائے، وزیراعظم نے مشاورت کے لیے سینئرپارٹی قیادت کو بنی گالا بلا لیا

قومی اسمبلی اجلاس کب بلایا جائے، وزیراعظم نے مشاورت کے لیے سینئرپارٹی قیادت کو بنی گالا بلا لیا
March 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی اسمبلی اجلاس کب بلایا جائے، وزیراعظم عمران خان نے مشاورت کیلئے سینئرپارٹی قیادت کو بنی گالا بلا لیا۔

وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے حوالے سے حتمی مشاورت کریں گے، اجلاس میں پرویزخٹک، علی زیدی، فواد چودھری اور شفقت محمود شرکت کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی ارکان اسمبلی کو آج عشائیے پر مدعو کرلیا۔ وہ متحدہ اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔ تمام ارکان قومی اسمبلی کو عشائیہ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہبازشریف کل اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو بھی عشائیہ دیں گے، اس بیٹھک میں آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے ہوگا۔

ادھر مسلم لیگ ق حکومتی اتحاد کا حصہ رہے گی یا نہیں اس سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مونس الہٰی وزیراعظم عمران خان سے شام 7 بجے بنی گالا میں ملاقات کرکے ق لیگ کے حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

حکومتی وفد پنجاب کی وزارت اعلیٰ پر ترین گروپ سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہ کرنے سے پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے مونس الہٰی کی ملاقات سے قبل ق لیگ کی سینئر قیادت کی بیٹھک بھی ہوگی۔