Friday, September 20, 2024

قوم پر مسلط کیے گئے شخص نے یوٹرن کو لیڈر کی نشانی بتایا، بلاول بھٹو

قوم پر مسلط کیے گئے شخص نے یوٹرن کو لیڈر کی نشانی بتایا، بلاول بھٹو
November 18, 2023 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ قوم پر مسلط کیے گئے شخص نے یوٹرن کو لیڈر کی نشانی بتایا، یوٹرن لینا لیڈر کی نہیں بزدل کی نشانی ہے۔

پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد عوام کو پھانسی پر چڑھایا گیا مگر اُصولوں سے نہیں ہٹے، آپ نے قائد عوام، بی بی شہید کا نظریہ زندہ رکھا ہے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن بہادر اور غیرت مند ہے۔ نوجوانوں کو بھٹو ازم کا مطلب سمجھانا ہے، بھٹوازم کا مطلب عوام کی خدمت کرنا ہے، تاریخ کاحصہ ہے کسی بھی مشکل میں اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے۔

جیالے قائد نے ن لیگ پر بھی تنقید کے تیر چلا دیئے، بولے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کا اصل چہرہ سامنے آگیا، ووٹ کوعزت دوکے نعرے والے بھی ناکام ہوگئے۔ ایک پارٹی مہنگائی لیگ بن چکی، وہ گورننس کرنا نہیں جانتی۔ عوام کی خدمت پیپلزپارٹی ہی کر سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اپنی 16 ماہ کی کارکردگی پر فخرکرتا ہوں، مہنگائی اور غربت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ میں نے 16 ماہ میں عوام کی بھرپور نمائندگی کی، بی آئی ایس پی جیسے مزید پروگرام عوام کیلئے لائیں گے۔ پاکستان کے مسائل صرف جیالا وزیراعظم ہی حل کرسکتا ہے۔