لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے جدو جہد فیصلہ کن موڑ پر آ گئی۔ قوم کو حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پوری قوم حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کر رہی ہے۔ عام صاف شفاف انتخابات ہی واحد راستہ ہے جس سے ملک اوپر جائے گا۔ ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے سے نجات کے لئے جدوجہد فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو رہی ہے۔
ادھر سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی۔ لاہور اور دیگر شہروں سے راولپنڈی جانے والے قافلوں پر بریفنگ دی گئی۔ اسلم اقبال نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی کے سرپرائز دینے کا وقت آ گیا۔ راولپنڈی میں دھرنا ہو گا یا جلسہ، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو اہم تجاویز دے دیں۔ عمران خان حکومت کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے مخصوص دوارنیہ کا الٹی میٹم دے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو راولپنڈی میں دھرنا دینے کی تجویز دی ہے۔ دھرنے کی صورت میں ہر ڈویژن کے عہدیداران و کارکنان کو ذمہ داریاں دینے کی تجویز دی گئی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو تجویز دی گئی ہے کہ ہر ڈویژن عوام کو دھرنے میں لانے کے لئے اپنے ذرائع استعمال کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے دھرنے یا الٹی میٹم کا اختیار عمران خان کو دے دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔