Saturday, April 20, 2024

قمبر شہدادکوٹ کا علاقہ کاچھو سیلابی پانی میں ڈوب گیا

قمبر شہدادکوٹ کا علاقہ کاچھو سیلابی پانی میں ڈوب گیا
July 31, 2022 ویب ڈیسک

قمبر (92 نیوز) - قمبر شہدادکوٹ کا علاقہ کاچھو سیلابی پانی میں ڈوبتا چلا جارہا ہے، چاروں جانب پانی ہی پانی نظر آتا ہے، ڈیڑھ سے زائد دیہات زیر آب ہیں، تمام سڑکیں بہہ چکی ہیں، بلوچستان سے آنے والا سیلابی ریلا ایف پی بچاؤ ٹوٹنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

قمبر کا علاقہ کاچھوتباہی کی داستانیں رقم کرنے لگا ہے، بلوچستان سے آئے سیلابی ریلے نے ہر چیز ملیامیٹ کرکے رکھ دی ہے۔ تاحد نگاہ پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔

ڈیڑھ سو سے زائد دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ تمام رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں۔ علاقہ مکین بے یارومدد گار پہاڑوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ اشیائے خورونوش کی شدید قلت ہے۔ متاثرین سیلابی پانی ہی پی کر اپنی جانیں بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کہتےہیں کسی کو ہماری فکر نہیں۔ یہاں لوگ صرف فوٹو سیشن کرانے آتے ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی سردار چانڈیو نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کاچھو میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ راشن اور ٹینٹ بھیج دئیے ہیں، میں خود نگرانی کررہا ہوں، اپنے لوگوں کا کوئی نقصان نہیں ہونے دینگے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو سیلابی پانی کی گزرگاہ کے مقام پر پہنچ گئے۔ بتایا کہ ایف پی بچاؤ بند سے ایک لاکھ کیوسک سیلابی ریلا گزررہا ہے۔ بلوچستان سے مزید ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کا سیلابی ریلا ایف پی بند سے گزرنے کے امکانات ہیں۔

بلوچستان سے آنے والا سیلابی ریلا پورے علاقے کو گھیر تا چلا جارہا ہے۔ ایف پی بچاؤ بند ٹوٹنے کی صورت میں مزید تباہی پھیلنے کا خدشہ ہے۔