Friday, April 26, 2024

قمبر میں ملیریا، گیسٹرو اور غذائیت کی کمی، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

قمبر میں ملیریا، گیسٹرو اور غذائیت کی کمی، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق
October 15, 2022 ویب ڈیسک

قمبر (92 نیوز) - سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض نے ڈیرے ڈال لیے، قمبر میں ملیریا، گیسٹرو اور غذائیت کی کمی کے باعث 2 بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرین کی مشکلات کم نہیں ہورہی ریلیف کیمپس میں امراض سے اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے، ضلع قمبر شہداد کوٹ میں 48 گھنٹوں کے دوران ملیریا، گیسٹرو اور غذائیت کی کمی کی وجہ سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سندھ میں سیلاب متاثرین مشکلات کا شکار ہیں۔ ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات کی بھی کمی ہے۔ خوراک کے ساتھ ساتھ ادویات کی بھی قلت ہے۔ قمبر شہداد کوٹ میں ریلیف کیمپوں میں سیکڑوں متاثرین گیسٹرو اور ملیریا کا شکار ہیں۔

مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے 48 گھنٹوں میں 2 بچوں سمیت 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ 4 سالہ بچہ عبدالجبار، 2 سالہ عرفان علی اور 50 سالہ حب علی چانڈیو کا انتقال ہوا۔ صرف ضلع قمبرشہدادکوٹ میں دوڈھائی ماہ کےدوران بیماریوں سےاسی سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں۔

متاثرین شکوہ کرتے ہیں کہ ریلیف کیمپوں میں خوراک اور طبی سہولیات کی شدید کمی ہے۔