Sunday, September 8, 2024

قازقستان میں عوامی مظاہرے کنٹرول سے باہر ،الماتے ایئر پورٹ پر مظاہرین کا قبضہ

قازقستان میں عوامی مظاہرے کنٹرول سے باہر ،الماتے ایئر پورٹ پر مظاہرین کا قبضہ
January 6, 2022 ویب ڈیسک

نور سلطان (92 نیوز) قازقستان میں عوامی مظاہرے کنٹرول سے باہر ہو گئے۔ الماتے ایئر پورٹ پر مظاہرین نے قبضہ کر لیا۔

جھڑپوں میں دو فوجی اور 8 پولیس اہلکار مارے گئے۔ نائب وزیراعظم کو قائم مقام وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا۔ قازقستان کے صدر جومارت نے ملک میں جاری احتجاج کے باعث کابینہ کو برطرف کرکے ملک کے سب سے بڑے شہر الماتے میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

قازقستان میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شدید احتجاج کیا جارہا تھا جس کے بعد صدر نے کابینہ کو برطرف کیا اور وزیراعظم کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا جب کہ صدر نے قائم مقام کابینہ کو فوری طور پر ایل پی جی کی قیمتیں بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

صدر نے قائم مقام کابینہ کو حکم دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل اور عام شہریوں کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اپنا دائر کار بڑھائے۔

گزشتہ رات الماتے میں پولیس اور ہزاروں مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جس میں مظاہرین نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس صورتحال کے پیش نظر قازقستان میں میسنجر ایپلی کیشن، ٹیلی گرام ،واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو بند کردیا گیا ہے۔

روس سے قازقستان جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے جبکہ روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قازقستان کی جانب سے کسی قسم کی مدد کا مطالبہ نہیں کیا گیا تاہم انہیں امید ہے کہ وہاں کے حکام یہ معاملہ خود ہی حل کر لیں گے۔